7 نومبر 2017 - 12:18
افغانستان نے مقتول سفارتکار نیئر اقبال رانا کی میت پاکستانی حکام کے حوالے کردی

افغانستان میں قتل ہونیوالے سفارتکار کی لاش کو پاکستان کے حوالے کرتے وقت طورخم سرحد کو سکیورٹی خدشات کے پیش نظر بند کیا گیا تھا تاہم بعد ازاں سکیورٹی حکام نے سرحد کو واپس کھول دیا۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق افغانستان کے شہر جلال آباد میں قتل کئے جانے والے پاکستانی سفارت کار نیئر اقبال رانا کی میت افغان حکام نے پاکستانی حکام کے حوالے کردی ہے۔ نیئر اقبال رانا کی لاش کو پاکستان کے حوالے کرتے وقت طورخم سرحد کو سکیورٹی خدشات کے پیش نظر بند کیا گیا تھا تاہم بعد ازاں سکیورٹی حکام نے سرحد کو واپس کھول دیا۔ پاکستانی حکام نے نیئر اقبال کی میت کو ان کے شہر سیالکوٹ روانہ کردیا ہے۔ گذشتہ روز افغانستان میں پاکستان کے سفیر زاہد نصر اللہ خان کا کہنا تھا کہ دو موٹرسائیکل سوار ملزمان نے نیئر اقبال کو دکان میں خریداری کرتے وقت فائرنگ کا نشانہ بنایا تھا۔ نیئر اقبال پر ملزمان نے 9 فائر کئے تاہم ان کو 6 گولیاں لگیں اور وہ موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ بعد ازاں مقتول نیئر اقبال کی لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے جلال آباد کے ہسپتال منتقل کردیا گیا تھا۔ قتل کے واقعے کے بعد دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر فیصل کی جانب سے بیان جاری کیا گیا تھا جس میں پاکستان نے افغانستان کے شہر جلال آباد میں پاکستانی سفارتی اہلکار کے قتل کی مذمت کی تھی اور افغانستان کی حکومت سے سکیورٹی کو بہتر بنانے کا مطالبہ اور افغان ناظم الامور کو طلب کرکے سفارتی اہلکار کے بہیمانہ قتل پر احتجاج ریکارڈ کرا گیا تھا۔ واضح رہے کہ نیئر اقبال کا تعلق پنجاب کے شہر سیالکوٹ سے تھا اور ان کے 5 بیٹے ہیں اور حال ہی میں انہیں جلال آباد میں قائم پاکستانی قونصل خانے میں تعینات کیا گیا تھا جہاں وہ قونصلر جنرل کے اسسٹنٹ کے طور پر خدمات سرانجام دے رہے تھے۔

۔۔۔۔۔۔۔

/169